شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہان کی 65 برس بعد تاریخی ملاقات

شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہان کی 65 برس بعد تاریخی ملاقات
کیپشن: شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے پیدل جنوبی کوریا کی سرحد عبور کی۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ رائٹرز

سیئول: شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہوں نے 65 برس بعد ایک دوسرے سے ہاتھ ملا کر تاریخ رقم کر دی۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے پیدل جنوبی کوریا کی سرحد عبور کی اور امن کے لیے ہاتھ بڑھایا۔کم جانگ ان اور جنوبی کوریا کے سربراہ مون جائی ان کی ملاقات سرحدی علاقے پنمن جم میں ہوئی۔

مزید پڑھیں: ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم ہونے کا امکان

اس تاریخی موقع پر والہانہ استقبال نے شمالی کوریائی وفد کا دل جیت لیا۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات لکھے کہ اب ایک نئی تاریخ شروع ہورہی ہے اور امن کا دور شروع ہو رہا ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے نتیجے میں جرات مندانہ امن سمجھوتہ طے پا جائے گا جو خطے کے لوگوں اور امن کے خواہشمندوں کے لیے تحفہ ہوگا۔

 

یہ بھی پڑھیں: مائیک پومپیو نے بطور وزیر خارجہ عہدے کا حلف اٹھا لیا

امریکا نے شمالی اور جنوبی کوریا کے سربراہوں کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات مستقبل میں امن کے لیے معاون ثابت ہو گی۔ وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے درمیان باہمی تعاون کو سراہتا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں