مزاحیہ اداکار بل کوسبی جنسی زیادتی کے مقدمے میں مجرم قرار

08:40 AM, 27 Apr, 2018

پنسلوانیا: امریکا کی ایک عدالت نے مزاحیہ اداکار بل کوسبی کو جنسی زیادتی کے مقدمے میں مجرم قرار دیا ہے۔ بل کوسبی پر 2004 میں سابق باسکٹ بال کھلاڑی آندریا کونسٹینڈ کو نشے آور چیز پلانے اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔

80 سالہ بل کوسبی نے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ معاملہ باہمی رضامندی کے ساتھ پیش آیا تھا اور ان پر زیادتی کا الزام لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کترینہ اور رنویر کی ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ہالی وڈ کے معروف کامیڈین اور ایک وقت میں امریکا کے مقبول ترین ’ڈیڈی‘ کے لیے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں وہ ’می ٹو‘ مہم کا شکار بننے والے پہلے بڑے سیلیبریٹی ہیں۔

دوسری جانب کوسبی کے وکیل نے آندریا کو رقم کے لیے جھوٹا الزام لگانے والی عورت قرار دیا اور کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

کوسبی کو آندریا کو منشیات پلانے اور جنسی زیادتی کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد ہونے پر 10 سال کی قید کا سامنا ہے لیکن ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا کہ بل کوسبی کی قید کب سے شروع ہو گی اور جب تک قید شروع نہیں ہوتی اس وقت تک وہ ایک ملین ڈالر کی زر ضمانت جمع کرا کر اپنے گھر میں رہ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میشا شفیع نے کینیڈین امیگریشن کیلئے علی ظفر پر جھوٹے الزامات لگائے

واضح رہے کہ بل کوسبی 80 کی دہائی کی مشہور ٹی وی سیریز ’دی کوسبی شو‘ کے حوالے سے بہت مشہور ہیں جبکہ یہ دوسری بار ہے کہ اداکار کو جنسی زیادتی کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس سے قبل جون 2017 میں جیوری کسی فیصلے پر نہ پہنچ سکی تھی۔

بل کوسبی پر ماضی میں بھی درجنوں خواتین نے جنسی زیادتی کے الزامات لگائے ہیں تاہم بل کوسبی نے ان تمام الزامات کی تردید کی اور کہا کہ اس معاملے میں خواتین کی رضا مندی شامل تھی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں