سیالکوٹ: بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک لیاہے جس کی وجہ سے دریائے چناب کے پانی میں مزید چار ہزار چار سو پینسٹھ کیوسک کمی ہوگئی، ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کا پانی 26 ہزار ایک سو دو کیوسک پانی ہے۔
محکمہ ایری گیشن کے مطابق دوروز دریائے چناب کے پانی میں 30 ہزار دو سو 78 کیوسک کمی ہوئی، پانی کی کمی کی وجہ سے دریائے چناب کا ستانوے فیصدحصہ خشک ہوچکا ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر شامل ہونے والے دریائے مناور توی میں ایک ہزار ایک سو چھیاسٹھ کیوسک پانی اور دریائے جموں توی میں دو ہزار پانچ سو بتیس کیوسک پانی ہے جبکہ ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب سے نکلنے والی نہر اپر چناب میں دس ہزار تین سو کیوسک پانی اور دوسری نہر مرالہ راوی لنک میں پندرہ ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے۔
کسانوں کے مطابق دریائے چناب کے پانی میں کمی کی وجہ سے سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کی لاکھوں ایکٹر زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے اور کسان وکاشتکار ٹیوب ویلوں کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔