ہمالیہ میں لاپتہ تائیوان کا مہم جو 47 دن بعد زندہ ،19 سالہ ساتھی کی لاش برآمد

12:46 PM, 27 Apr, 2017

کھٹمنڈو : نیپال میں واقع ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں اپنی دوست کے ہمراہ 47 روز قبل لاپتہ ہونے والے تائیوان کے 21 سالہ شہری کو زندہ بچا لیا گیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امدادی ٹیم نے نیپال کے ضلع ڈھڈنگ کے گاوں ٹپلنگ کے قریب 8500 فٹ کی بلندی پر واقع ایک کھائی سے لیانگ شینگ یوئیہ کو تلاش کیا۔ان کی19 سالہ ساتھی لیو چین چن کی لاش بھی ان کے قریب ہی موجود تھی۔لینگ کا علاج معالجہ کھٹمنڈو کے گرینڈی انٹرنیشنل ہسپتال میں کیا جارہا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔


لیانگ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر سنجے کرکی نے کہا کہ وہ اب بول سکتے ہیں۔ انھوں نے مجھے بتایا کہ ان کی دوست کی موت تین روز پہلے ہوئی تھی۔ انھیں جسمانی چوٹیں نہیں آئیں لیکن ان کا جسم کیڑوں کے کاٹنے کے باعث دکھتا ہے۔ سات ہفتے قبل لاپتہ ہونے سے لے کر اب ان کا تقریباً 30 کلو وزن کم ہوچکا ہے۔ جب وہ ملے ان کے بال جووں سے بھرے ہوئے تھے، اور ایک پاوں سنڈیوں سے ڈھکا ہوا تھا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بظاہر وہ پانی اور نمک پر گزارا کرکے زندہ بچے رہے۔

مزیدخبریں