اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کےتحت حج کے لیے عازمین کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی28 اپریل ( کل) بروز جمعہ ہوگی۔تفصیلات کےمطابق مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی وزارت کےزیراہتمام رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت کے حج 2017کےلیے عازمین کے انتخاب کےلیے قرعہ اندازی کل بروزجمعہ ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک وزارت کو سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طورپر3 لاکھ 35 ہزار 353 درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔
کامیاب عازمین حج کو خطوط اورموبائل میسجز کے ذریعے اطلاع دی جائے گی جبکہ کامیاب عازمین حج کے نام ویب سائٹسwww.mora.gov.pk اور پر www.hajjinfo.org بھی موجود ہوں گے۔
خیال رہےکہ سرکاری اسکیم کےتحت حج درخواستوں کی وصولی کاعمل 17اپریل سےشروع ہوا جو رواں ماہ 26اپریل تک جاری رہا۔اس دوران 3لاکھ سے زائد درخواستیں وصول ہوئیں۔
سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں حبیب بینک لمیٹڈ،یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک لمیٹڈ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح ،میزان بینک اور حبیب میٹرو بینک کی شاخوں میں جمع کرائی گئیں۔واضح رہےکہ سرکاری حج اسکیم کےتحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کےلیےقرعہ اندازی 28 اپریل کوہوگی۔