اسلام آباد:رؤف حسن کو سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف ے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔شیخ وقاص اکرم کو پی ٹی آئی کا مرکزی سیکریٹری اطلاعات مقرر کردیا گیا۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق رؤف حسن پی ٹی آئی پالیسی تھنک ٹینک کے سربراہ مقرر کردیے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا کردیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت کو جلسے کی اجازت کی درخواست واپس لینے کی ہدایت کردی جبکہ راولپنڈی میں ہفتے کے روز بھرپور احتجاج کا اعلان کردیا گیا۔
اڈیالہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے یہ جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر اجازت ملی بھی تو شہر سے کہیں دور ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کے بجائے اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کریں گے، ہمارے وکلا سپریم کورٹ کے باہر بھی احتجاج کریں گے، ہم جلسے کی اجازت سے متعلق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ سے درخواست واپس لے رہے ہیں۔