اسلام آباد : مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے ایک بار پھر رجوع کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مخصوص نشستیں دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وضاحت کیلئے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہو ئے درخواست دائر کر دی ۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے، 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر جب وضاحت مانگی گئی تھی تب نیا ایکٹ موجود نہیں تھا۔پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کی صورت میں اب قانون بنا دیا ہے۔
ا لیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ بتایا جائے کہ ترمیمی ایکٹ کے بعد پارلیمنٹ کے قانون پرعملدرآمد کریں یاسپریم کورٹ فیصلے پرعمل کریں۔
واضح رہےکہ 23 ستمبر کو سپریم کورٹ کے اکثریتی ججز نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں ا لیکشن کمیشن کو ایک بار پھر حکم دیا گیا تھا کہ وہ مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو نوٹیفائی کرے۔