جذبہ خیرسگالی،پاکستان نے اپنا جنگی بحری جہاز پی این ایس طار ق برطانیہ کو دے دیا

06:20 PM, 26 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی :پاکستان نے اپنا جنگی بحری جہاز پی این ایس طار ق برطانیہ کو دے دیا۔پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت جنگی بحری جہاز “پی این ایس طارق” برطانیہ کے سپرد کر دیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے حکومتی منظوری کے بعد جنگی بحری جہاز پی این ایس طارق برطانیہ کے حوالے کیا۔


پی این ایس طارق کی حوالگی کی تقریب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔رائل برطانوی بحریہ کے سابق فرسٹ سی لارڈ اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل لارڈ ایلن ویسٹ نے بطور گیسٹ آف آنر تقریب میں شرکت کی۔


برطانیہ نے پاکستان سے ایمیزون یا طارق کلاس ٹائپ 21 جنگی جہاز کی حوالگی کی استدعا کی تھی۔ پاک بحریہ میں شامل ٹائپ 21 ایمیزون کلاس فریگیٹس 70، 80 کی دہائیوں میں برطانوی شاہی بحریہ کا حصہ رہے۔ ایمیزون کلاس فریگیٹس نے 1982ء میں برطانیہ، ارجنٹائن فاک لینڈ جنگ میں حصہ لیا۔


برطانیہ، پاکستان سے جہاز حاصل کر کے فاک لینڈ جنگ کی یادگار کے طور پر رکھنا چاہتا ہے۔ جہاز گلاسگو کے کلائیڈ میری ٹائم ہیری ٹیج سنٹر میں رائل اور پاکستانی بحری افواج کے مشترکہ بحری ورثے کی علامت کے طور پر نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔


پاک بحریہ میں شامل “پی این ایس طارق” برطانوی ٹائپ 21 ایمیزون یا طارق کلاس سیریز کا آخری جہاز ہے۔ پاکستان نے 90 کی دہائی کے اوائل میں برطانیہ سے 6 ایمیزون کلاس ٹائپ 21 فریگیٹس حاصل کیے۔پاک بحریہ میں جہاز ایچ ایم ایس ایمبسکیڈ کا نام مجاہد اسلام طارق بن زیاد سے منسوب پی این ایس طارق رکھا تھا۔

مزیدخبریں