لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ہرنائی میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’بلوچستان میں خوست کے قریب ہرنائی کے مقام پر فوجی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والا حادثہ، جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوئے، المناک ہے۔ میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں ان بہادر سپاہیوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔‘
بلوچستان میں خوست کے قریب ہرنائی کے مقام پر فوجی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والا حادثہ، جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہوئے، المناک ہے۔ میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں ان بہادر سپاہیوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) September 26, 2022
واضح رہے کہ بلوچستان میں پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر کل رات فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حادثے میں دونوں پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 اہلکار شہید ہو گئے۔
ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداءمیں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد، نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب شامل ہیں۔