اسلام آباد : چار سال کے دوران پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ریکوری 657 ارب روپےسے تجاوز کر گئی ہے ۔
پی اے سی سیکرٹریٹ کےذرائع کے مطابق کمیٹی کے احکامات کے تحت مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں سے دسمبر 2018 سے 19 ستمبر 2022 تک 657،244.58 ملین روپے کی ریکوریاں کی گئی ہیں ۔
چار سالوں میں نور عالم خان پبلک اکائونٹس کمیٹی کے تیسرے چیئرمین ہیں جبکہ اس سے قبل موجودہ وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین بھی کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔
آڈیٹر جنرل آفس کی طرف سے مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے آڈٹ اعتراضات کے جائزے کے بعد پی اے سی نے جن اداروں سے ریکوریوں کے احکامات جاری کیے ان کے تحت یہ رقوم قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی ہیں۔
آڈیٹر جنرل آفس نے دسمبر 2018 سے 19 ستمبر 2022 تک کی ہونے والی ریکوریوں کی تفصیلات سے سیکرٹریٹ پبلک اکائونٹس کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ رواں سال کے اختتام تک ریکوریوں کی صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔