کراچی: ممتاز کامیڈین عمر شریف نے علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکہ روانہ ہونا تھا لیکن اب ان کی امریکہ روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے کیونکہ حالت پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اداکار عمر شریف کو علاج کے لیےلے جانے والی ایئرایمبولینس نے پیر کی علی الصبح جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے اڑان بھرنی تھی لیکن ائیر ایمبولینس کی پاکستان آمد کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی کردی گئی ہے۔ ائیر ایمبولینس کمپنی نے سی اے اے حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ ائیر ایمبولینس 12 گھنٹے تاخیر سے کل صبح 11 بجے کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرے گی اور ائیر ایمبولینس منیلا فلپائن سے کراچی پہنچے گی۔
اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی حالت پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم قرار دیے ہیں اور اس وجہ سے ان کی امریکا روانگی مؤخر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اداکار عمر شریف کے اہل خانہ 28 ستمبر کو کمرشل پرواز سے امریکہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے ٹکٹیں بک کرائی جا چکی ہیں۔ امریکہ جانے والوں میں اداکار کی پہلی اہلیہ فرح دیبا اور بیٹے جواد عمر اور فواد عمر شامل ہیں۔
ایئر ایمبولینس نے چونکہ امریکہ پہنچنے سے قبل تین مختلف ممالک میں ری فیولنگ کے لیے رکنا ہے اور اہل خانہ کے پاس وہاں کے ویزے نہیں ہیں اس لیے تیکنیکی اعتبار سے وہ ہمراہ جانے کے اہل نہیں ہیں اور انہیں براہ راست امریکہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایئر ایمبولینس کراچی سے اڑان بھرنے کے بعد سب سے پہلے جرمنی میں مختصر قیام کرے گی جہاں اس کی ری فیولنگ بھی ہوگی۔ ایئر ایمبولینس اس کے بعد آئس لینڈ میں ری فیولنگ کے لیے مختصر اسٹاپ کرے گی۔ امریکہ پہنچنے سے قبل ایک مرتبہ پھر ایئر ایمبولینس کی کینیڈا میں ری فیولنگ کی جائے گی۔
کراچی سے اڑان بھرنے کے بعد ایئرایمبولینس امریکی وقت کے مطابق شام 4:30 پر واشنگٹن کے ایئرپورٹ پہ لینڈ کرے گی جہاں سے انہیں جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ پہلے ہی ایئرایمبولینس کو لینڈنگ کی اجازت دے چکا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اداکار عمر شریف آغا خان اسپتال کراچی میں زیر علاج ہیں۔ وہ صبح 4:30 پر ایئرپورٹ پہنچیں گے۔