شہباز شریف پہلے اپنے بھگوڑے بھائی کو وطن واپس لائیں، فرخ حبیب

شہباز شریف پہلے اپنے بھگوڑے بھائی کو وطن واپس لائیں، فرخ حبیب
کیپشن: شہباز شریف پہلے اپنے بھگوڑے بھائی کو وطن واپس لائیں، فرخ حبیب
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 2023 میں بھی ناکامی اور شکست ن لیگ کا مقدر بنے گی جبکہ شہباز شریف پہلے اپنے بھگوڑے بھائی کو وطن واپس لائیں۔ 

فرخ حبیب نے اپوزیشن لیڈر کے 2023 میں پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دفن کرنے کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا شہباز شریف حکومت پر تنقید سے پہلے اپنے بھگوڑے بھائی کو وطن واپس لائیں۔ کنٹونمنٹس الیکشن میں سندھ، کے پی کے، بلوجستان میں ن لیگ کا صفایا ہوگیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جماعت سکڑ کر ایک ریجن کی جماعت بن چکی اور ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں ہوئے بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی پہلے نمبر پر ہے۔

فرخ حبیب نے دعویٰ سے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ہی شفاف الیکشن کی ضامن ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے ایک سے زیادہ امیدوار ہونے سے ن لیگ جیتی اور شہباز شریف کا 2023 کے انتخابات میں جیت کا دعویٰ دیوانے کا خواب ہے۔

چوہان نے کہا کہ شہبازشریف نے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاوہ ہر الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیا، جیتنے والے الیکشن کو شفاف، ہارنے پر دھاندلی زدہ کہنا ن لیگ کا وتیرہ ہے۔ تین سال سے عوام ن لیگ کا گھسا پٹا بیانیہ سن کر تنگ آ چکے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں اقتدار میں ہوتے تو لاکھوں گھر بن چکے ہوتے، آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے چند ہزار گھر تو شہباز شریف ڈھنگ سے بنا نہیں سکے۔ شہباز شریف دور کا ہر میگا منصوبہ انہی کے دور میں آڈٹ میں ایکسپوز ہوا۔