اداکارہ مشال خان پر تیزاب پھینکنے کی دھمکی  

12:39 PM, 26 Sep, 2021

پاکستانی ڈراموں کی مشہور اداکارہ مشال خان کو فحش قرار دیتے ہوئے ان پر تیزاب پھیکنے کی دھمکی دی گئی ہے، اداکارہ نے خوفزدہ ہو کر حکام سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کردی۔

اداکارہ مشال خان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ انھیں تیزاب پھینکنے کی دھمکی ہیلر حلیمہ نامی ایک خاتون نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ کے ذریعے دی ہے۔ انہوں نے دھمکی آمیز پوسٹ کا سکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس خاتون نے میری تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے مجھے فحش قرار دیا اور دوسروں لوگوں سے کہا کہ وہ تیزاب پھینکنے کیلئے اس کی مدد کریں۔

اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر جو سکرین شارٹ شیئر کیا گیا اس میں خاتون نے لکھا کہ مشال خان جیسی عورتوں کو معاشرے سے ختم کر دینا چاہیے، وہ فحش ہیں، اس لئے اس پر تیزاب سے حملہ کرنا چاہتی ہوں، کوئی اس معاملے میں میری مدد کرے۔

مشال خان کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے دی گئی دھمکی میرے لئے خوفناک ہے۔ میں نے فوری طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم کے حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ ادھر دوسری جانب معروف ماڈل متھیرا نے بھی انکشاف کیا ہے یہی خاتون انہیں بھی دھمکی دے چکی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کی متعدد ایکٹریس کی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین نامناسب تبصرے کرتے رہتے ہیں لیکن ایسا کم ہی دیکھنے میں آیا ہے کہ کسی نے جان سے مارنے یا تیزاب پھینکنے کی دھمکی دی ہو، اس لئے اداکارہ مشال خان کا پریشان ہونا فطری ہے۔

مزیدخبریں