صوبہ سندھ کے علاقے مٹھی میں مضافاتی کجھور اور آم کے درختوں کی شجرکاری  

12:21 PM, 26 Sep, 2021

مٹھی: کلوئی تحصیل کے گائوں مصری لوند میں دعا فائونڈیشن کی جانب سے مضافاتی کجھور اور سینسیشن آم کے درخت لگائے گئے۔ دعا فائونڈیشن کی ٹیم نے سولر ثمر پمپ کا بھی افتتاح کیا۔ ایک سال اندر لگائے گئے درخت کجھور اور آم دیں گے۔

تفصیل کے مطابق کلوئی کے گائوں مصری لوند میں دعا فائونڈیشن کی جانب سے مضافاتی کجھور اور سینسیشن آم کے بڑے بڑے درخت ٹرک میں لاکر لگائے گئے۔ درختوں کے لیے کھیت میں سولر ثمر پمپ بھی لگایا گیا ہے۔

دعا فائونڈیشن کی ٹیم نے ڈاکٹر فیاض عالم،ڈاکٹر صدیقہ،عامر خان،شبیر سومرو،سلیم جونیجو کی سربراہی میں مصری لوند پہنچ کر ثمر پمپ کا افتتاح کیا اور کھیت میں مضافاتی کجھور اور سینسیشن آم کے درخت لگائے، اس موقع پر دعا بھی کی گئی۔

دعا فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر فیاض عالم نے میڈیا کو بتایا کہ تھر میں جہاں بھی زیر زمین میٹھا پانی ہے وہاں پر کجھور،آم سمیت دیگر فصلیں لگائی جا سکتی ہیں، اس گائوں میں کجھور اور آم کے جو درخت لگائے گئے ہیں وہ ایک سال اندر ہی پھل دینا شروع کردیں گے۔

تھر میں کجھور کے درخت سے پھل مل رہا ہے جو تجربہ بھی دعا فائونڈیشن کی کوشش سے کامیاب ہو چکا ہے، اس منصوبے کو مزید آگے بڑھانے کے لئے سندھ اور وفاقی سرکار آگے آئیں اور کسانوں کی مدد کریں تو تھر میں روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ دعا فائونڈیشن نے اپنے حصے کا کام کیا ہے۔کجھور اور آم کے بڑے بڑے درختوں کو ٹرک میں خیرپور سے لایا گیا تھا۔

مزیدخبریں