وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی، عوام کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی: مراد سعید

11:46 AM, 26 Sep, 2021

کوئٹہ: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی ۔ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ بلوچستان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کا وعدہ کیا ، انہوں نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کیے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نشستیں کم ہونے کی وجہ سے ماضی میں بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا ۔ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان میں صرف تختیاں لگائیں ۔ ماضی میں منصوبوں کے ٹینڈر جاری ہوئے لیکن عملی کام نہیں ہوا ۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہوشاب ، آواران 146 کلومیٹر طویل شاہراہ تعمیر ہو رہی ہے ۔ کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس ، ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس پر کام جاری ہے ۔ بسیمہ خضدار شاہراہ بھی رواں سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گی ۔

مراد سعید نے کہا کہ سڑکوں کے منصوبوں سے بلوچستان میں فاصلے کم ہوں گے ۔ سی پیک کے ذریعے پورے خطے میں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو گی ۔

مزیدخبریں