کندھ کوٹ: صوبہ سندھ کی ایک عدالت نے ملزمان کیخلاف منفرد فیصلہ سناتے ہوئے انھیں مساجد کی صفائی، درخت لگانے اور نماز پنجگانہ کی ادائیگی کا حکم دیدیا ہے۔
یہ فیصلہ کندھ کوٹ شہر کی ایک عدالت نے کیا۔ اس کیس کا منفرد اور انوکھا فیصلہ تین بھینسوں کی ہلاکت کے معاملے میں سنایا گیا جو بجلی کی تاروں سے الجھ کر مر گئی تھیں۔
تقریباً 3 مہینے قبل کندھ کوٹ میں بجلی کے تاروں میں الجھ کر 3 بھینسیں ہلاک ہوگئی تھیں، اس پر بھینسوں کے مالک نے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) ملازمین کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔
اس انوکھے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے ایس ڈی او، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو 2 سال تک پانچ وقت نماز پڑھن، چالیس درخت لگانے اور ہر جمعہ کے روز مساجد کی صفائی اور ہر ماہ دس احادیث یاد کرنے کا حکم سنادیا۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ ہر مہینے اس حکم کی عملداری رپورٹ کورٹ میں پیش کی جائے۔