اوکاڑہ: صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ڈاکٹروں کی نااہلی سے مریضہ کی جان چلی گئی۔ مریم نامی اس مریضہ کو ڈیلیوی کیلئے ہسپتال لایا گیا تھا لیکن دوران آپریشن ڈاکٹر اس کے پیٹ میں ہی تولیہ بھول گئے، اسے تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اوکاڑہ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پیش آیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اپنی نااہلی ثابت کرتے ہوئے دوران آپریشن مریضہ کے پیٹ میں کاٹن، سپنچ اور تولیہ بھول گئے جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی، مریم نامی اس مریضہ کو فوری طور پر لاہور منتقل کیا۔
لاہور میں ڈاکٹروں نے اس کا فوری طور پر آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے کاٹن، سپنچ اور دو فٹ لمبا تولیہ نکالا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی، یوں ڈاکٹروں کی لاپرواہی اور غفلت نے دو بچوں کی ماں کی جان لے لی۔
مریضہ کے انتقال پر اس کے ورثا مشتعل ہو گئے، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔ ورثا نے مطالبہ کیا کہ غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں جن میں ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال، ڈاکٹر فریحہ، ڈاکٹر طاہرہ سلمان اور عملہ کے دیگر اراکین شامل ہیں، ان سب کو نوکریوں سے نکال کر ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔