کراچی کو دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنانے کا منصوبہ، چین سرمایہ کاری کرے گا  

CPEC panel okays ambitious Karachi coastline plan
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: سی پیک منصوبے کے تحت وفاقی حکومت نے کراچی کو دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے ایک زبردست منصوبہ پیش کیا ہے، اس منصوبے پر تین اعشاریہ پانچ بلین ڈالر لاگت آئے گی، چین اس پراجیکٹ پر سرمایہ کاری کرے گا، اس منصوبے کی نقاب کشائی کر دی گئی ہے۔

اس منصوبے کو پاکستان اور شہر قائد کیلئے گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کراچی کی ساحلی پٹی کو بلند وبالا عمارتوں اور جدید سہولیات سے مکمل طور پر تبدیل کر دیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ میں سینڈزپٹ ساحل اور منوڑا جزائر کو آپس میں ملانے کیلئے ایک طویل اور شاندار پل تعمیر کیا جائے گا جبکہ نئی بندرگاہ بھی اس منصوبے میں شامل ہے۔

تاہم اس منصوبے کی تکمیل کیلئے حکومت کو کراچی کی قدیم کچی آبادی مچھر کالونی کو وہاں سے ہٹانا پڑے گا، وہاں اس وقت تقریباً پانچ لاکھ شہری آباد ہیں، جنھیں متبادل جگہ فراہم کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ اگر پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے تو اس کا شمار دنیا کی چوٹی کی بندرگاہوں میں ہوتا ہے۔

وزیر بحری امور سید علی زیدی نے اس پراجیکٹ کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں بغیر کسی قرض کے چین کی جانب سے انوسٹمنٹ کی جائے گی تاہم اس میں اور بھی بہت زیادہ مواقع ہیں جس سے عالمی سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ محض 6 سال کے عرصے میں مکمل ہو جائے گا کیونکہ چینی تیز ترین کام کرنے میں پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے مچھر کالونی میں رہائش پذیر ہزاروں خاندان یہاں سے منتقل کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس پراجیکٹ کا خاکہ ٹویٹر بھی شیئر کیا لیکن چینی سرمایہ کاری کی شرائط کو واضح نہیں کیا۔ ایک اندازے کے مطابق کراچی کو جدید شہر بنانے کے منصوبے پر ساڑھے 3 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔