کراچی: کراچی سپرہائی وے نوری آباد کے قریب مسافر وین کو پیش آنے والے حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔حیدر آباد سے کراچی آنے والی وین کو حادثہ ٹائی روڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں وین الٹ گئی اور پھر اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ نوری آباد کے قریب پیش آیا۔ وین میں 20 سے 22 مسافر موجود تھے جن میں سے 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر وین حادثے میں ایک سال کی بچی معجزانہ طور پر بچ گئی ہے جبکہ حادثے میں وین ڈرائیور بھی محفوظ رہا۔
سماجی کارکن سعد ایدھی کا کہنا ہے کہ نوری آباد حادثہ کے مقام پر امدادی آپریشن مکمل کرلیاگیاہے، وین حادثے میں ابتک 13افراد کی لاشیں نکالی گئی،5 افراد کو زخمی حالات میں نکالا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی وین کے ڈرائیور نے کہا کہ حادثہ سے قبل آگے جانے والی گاڑی کا بونٹ نکل کر میری گاڑی کی ونڈ اسکرین پر لگاہے، ونڈاسکرین پر بونٹ لگنے کے بعد میں گاڑی کو کنڑول نہیں کرسکا۔
موٹروے پولیس کو دیے گئے بیان میں ڈرائیور نے بتایا کہ گاڑی بے قابو ہو کر حادثہ کا شکار ہوئی اور پھر اس میں آگ لگ گئی۔