لاہور: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں کی گئی نواز شریف کی تقریر پر تنقید کرنے پر مسلم لیگ ن نے اپنے رکن پنجاب اسمبلی جلیل احمد شرقپوری کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔
مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اپنے پارٹی قائد نواز شریف کی اے پی سی میں کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی فوج مخالف تقریر قومی مفاد کے خلاف ہے اور فوج پر سیاسی معاملات میں مداخلت کا بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔
جلیل شرقپوری کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت اور مودی کی زبان بولی اور مجھ سمیت تمام محب وطن پاکستانی اس منفی مؤقف سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ افواج پاکستان ملکی سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے کو تیار ہیں۔
جلیل شرقپوری کی تنقید کا نوٹس لیتے ہوئے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جلیل شرقپوری سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا گیا ہے اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قطعاً قابل قبول نہیں اگر جلیل شرقپوری نے جواب نہ دیا تو قانونی کارروائی کی جائے گی اور جواب نہ دینے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) الیکشن کمیشن سے رابطہ کرکے جلیل شرقپوری کو اسمبلی نشست سے برطرف کرانے کے لیے ریفرنس بھی دائرکرے گی۔