اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا ہے کہ طلال چوہدری کی جانب سے خاتون ممبر قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کا واقعہ افسوسناک ہے جبکہ حکومت ایکشن لے گی اور خاتون ایم این اے کی ہر صورت حفاظت کرے گی۔
شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ فیصل آباد پولیس کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہیے اور خاتون ایم این اے کے گھر پر پولیس سیکیورٹی کو تعینات کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مسلم لیگ ن کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لاتا ہے کیونکہ ماضی میں بھی خواجہ آصف ہوں یا طلال چوہدری، خواتین سے متعلق نازیبا کلمات کہتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری پر فیصل آباد میں مبینہ حملہ کیا گیا ہے۔ ان کے بھائی کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری پر کینال روڈ پر رات کے وقت 4 افراد نے حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں اور وہ لاہور کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔