اسلام آباد :اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کے خطاب پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ۔
عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ لوگوں کو غربت سے نکالنے کا عزم قابل تحسین ہے ،وزیرا عظم کا کشمیر ،فلسطین ،خطے میں امن پر واضح موقف قابل تعریف ہے ،انہوں نے کہا بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے روکنے کی وارننگ قابل تعریف ہے ۔
واضح رہے گزشتہ روز اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے کی تشکیل 1920 کی دہائی میں کی گئی اور اس نظریے کا نشانہ مسلمان اور کسی حد تک مسیحی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے رائے شماری کرائے اور اس کے خلاف ایک عالمی دن مقرر کرے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا، پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت، کورونا وائرس، موسمیاتی تبدیلی اور کشمیر میں انڈین مظالم سمیت کئی اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔