اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ممتاز کشمیری وکیل اور کارکن بابر قادری کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے اور ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر تنقید کرنے والی ایک اور آواز کو ماورائے عدالت قتل کے ذریعے خاموش کردیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام نے کسی بھی طرح کی اختلافی آواز کو خاموش کرنے کے لئے پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) اور آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) سمیت سخت کالے قوانین نافذ کر دیئے ہیں۔
پچھلے ایک سال کے دوران جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشن کی کارروائیوں میں 300 سے زیادہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے، بابر قادری بھی اسی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔ بھارت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ کشمیری عوام پر بیہمانہ مظالم سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے ان کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ہونے والے ان سنگین جرائم کیلئے بھارت کو ذمہ دار ٹھہرائے۔ عالمی برادری کو ایک آزاد بین الاقوامی سطح پر بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لئے فوری کارروائی کرنی چاہئے۔