ریاض :سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ وہ صحافی جمال خاشقجی قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں کیونکہ یہ ان کے اقتدار میں ہوا۔دی کرائون پرنس آف سعودی عرب کے نام سے دستاویزی فلم کے پری ویو میں پی بی ایس کے مارٹن اسمتھ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے کہاکہ یہ میرے اقتدار کے دوران ہوا، میں اس کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔
مارٹن اسمتھ نے جب سعودی ولی عہد سے سوال کیا کہ ان کے علم میں لائے بغیر قتل کیسے ہوا تو محمد بن سلمان نے کہاکہ ہمارے پاس 2 کروڑ لوگ ہیں، ہمارے پاس 30 لاکھ سرکاری ملازمین ہیں۔مارٹن اسمتھ نے سوال کیا کہ کیا وہ آپ کا جہاز بھی لے سکتے ہیں۔ولی عہد نے جواب دیا کہ میرے پاس کئی عہدیدار اور وزرا ءہیں جو معاملات کو دیکھتے ہیں، وہی ذمہ دار ہیں، ان کے پاس اختیار ہے ایسا کرنے کا۔