کویتی رکن پارلیمنٹ کا غیرملکیوں کی ترسیلات زر پر ٹیکس کا مطالبہ

12:49 PM, 26 Sep, 2019

کویت سٹی: کویت میں تلاش روزگار کمیٹی کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ خلیل صالح نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تارکین وطن کے لیے کوٹا سسٹم متعارف کرائے اور ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کرے۔

کویتی رکن پارلیمنٹ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ حکومت ویزے کی تجارت کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرے اور تارکین پر کوٹا سسٹم نافذ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوٹا سسٹم کے تحت تارکین کی مختلف کمیونٹیز پر پابندی لگائی جائے، یہ تجویز پارلیمنٹ میں پہلے بھی دی جا چکی ہے لیکن اس پر اب تک بحث نہیں کی گئی۔

خلیل صالح کا کہنا تھا کہ تارکین اپنے ملکوں میں جو رقوم بھیجتے ہیں اس کے مقابلے میں یہاں انتہائی کم خرچ کرتے ہیں اور اس کے مطابق ان کی ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کیا جانا چاہئے۔

یاد رہے کہ کویت میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی بستی ہے جو اپنی کمائی کا بڑا حصہ پاکستان میں بھیجتے ہیں۔

مزیدخبریں