دبئی: متحدہ عرب امارات کے پہلے خلانورد ہزاع المنصوری تاریخی خلائی سفر پر روانہ ہو گئے۔
ایف سولہ جنگی جیٹ کے پائلٹ ہزاع المنصوری قازقستان کے بیکانور اسٹیشن سے ایم ایس 15 نامی خلائی جہاز کے ذریعے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کے لیے روانہ ہو گئے اور ان کا یہ سفر چھ گھنٹوں پر محیط ہو گا۔
ہزاع المنصوری خلاء میں جانے والے پہلے اماراتی اور پہلے عرب ہیں، ان کے ساتھ ایک امریکی اور ایک روسی خلانورد بھی اس سفر پر ہیں۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اسے تاریخی دن قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی۔
سماجی رابطوں پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ’خلاء میں پہلے اماراتی کی روانگی تمام نوجوانوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ ہم اس شعبے میں آگے بڑھ سکتے ہیں اور دوسروں کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور ہمارا اگلا ہدف ہوپ مشن کے ذریعے مریخ پر قدم رکھنا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دو برس قبل میں نے اور میرے بھائی شیخ محمد بن زاید نے خلائی پروگرام شروع کیا اور آج ہمیں یہ خوشی کا دن نصیب ہوا۔ ہمیں اس پر فخر ہے اور ہم اس سنگ میل کو عرب اور اسلامی اقوام کے نام کرتے ہیں‘۔
اس تاریخی دن پر دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کو بھی خلائی شٹل کی تصویر سے مزین کر دیا گیا۔