شاہ رخ خان سے بات کرتے ہوئے ڈر لگتا تھا:انوشکا شرما

08:58 PM, 26 Sep, 2018

ممبئی :بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز شاہ رخ خان کے ہمراہ ان کی فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ کے ساتھ کیا تھا جبکہ آج ان کا شمار اس وقت انڈسٹری کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔

شاہ رخ خان کے ساتھ کیریئر کا آغاز کرنے والی انوشکا شرما کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ بھی شاہ رخ خان کے ساتھ ہی ہے۔

انوشکا اور شاہ رخ ایک ساتھ 2008 کی فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘، 2012 کی فلم ’جب تک ہے جاں‘ اور 2017 کی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ میں کام کرچکے ہیں۔

ایک انٹرویو میں اپنے پہلے ساتھی اداکار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انوشکا کا کہنا تھا کہ ’شاہ رخ ان افراد میں سے ہیں جن کی میری زندگی میں بہت زیادہ اہمیت ہے، ان کا سلوک میری پہلی فلم سے اب تک میرے ساتھ بہت اچھا رہا، وہ گزرتے سالوں کے ساتھ کافی تبدیل بھی ہوئے، میرے ساتھ ان کا رشتہ بھی کافی تبدیل ہوا، اب میں ان کے ساتھ پہلے سے زیادہ مطمئن محسوس کرتی ہوں۔

انوشکا نے مزید کہا کہ ’پہلے مجھے شاہ رخ سے بات کرتے ہوئے بھی ڈر لگتا تھا، مجھے کچھ بھی کہنا تھا تو میں ایسا سوچتی تھی کہ اس بات کی شاہ رخ کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہوگی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

اس وقت انوشکا اور شاہ رخ اپنی فلم ’زیرو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو رواں سال دسمبر میں ریلیز ہوگی ، انوشکا کا ماننا ہے کہ شاہ رخ خان کے لیے ان کی فلم زیرو ان کے لیے بہت خاص ہے جسے وہ بےحد محبت کرتے ہیں۔

مزیدخبریں