اسلام آباد : وزیر اعظم نے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ آبی وسائل، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزارت آبی وسائل پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں ملک میں پانی کی مجموعی صورتحال پر شرکاء کو بریفنگ دی گئی جس میں وزیراعظم کو ڈیمز کی تعمیر اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں13.7ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے تاہم پانی ذخیرہ کرنے کی یہ صلاحیت عالمی معیار کے مطابق نہیں ہے، پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو ترجیحی بنیادوں پر بڑھانا ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زمین پر موجود پانی کے استعمال کیلئے منصوبہ بندی کی جائے، انہوں نے داسو ڈیم کیلئے زمین کےحصول اور متاثرین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیم کی زمین کے حصول کے قانون کا دوبارہ جائزہ لینا ضروری ہے، شمسی توانائی، ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔