اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ناتجربے کار حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ملک کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوابزادہ نصراللہ خان کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سلیکٹڈ وزیراعظم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غلط فیصلے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں ، کشکول توڑنے کے دعوے داروں نے چندہ مہم سے آغاز کیا۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات پارلیمان کے ذریعے کرائی جائے ، ہم غیرجمہوری قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، 18ویں ترمیم کو ختم کرنے کی آواز وفاق کی جانب سے آئین پر حملہ ہے ، اس کے خلاف مزاحمت کریں گے ، سن 73 کے آئین کی شکل بگاڑنے کی کوشش پر ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں مگر پیپلزپارٹی جلائو گھیرائو کر کے نظام کو خطرے میں نہیں ڈال سکتی ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آمرانہ دور میں عدالتوں سے حکومت کنٹرول کرنے کی کوشش ہوتی تھی ، بھٹو اور بی بی شہید کو انصاف نہیں ملا تو عام آدمی کو کیا ملے گا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دوران دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات کے مطالبے پر عمل نہیں کیا گیا ، پارلیمان نے مطالبات نہ مانے تو انصاف کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم بلاوجہ ڈیم بنانے کے مخالف نہیں ، سندھ ، بلوچستان بدترین خشک سالی کا شکار ہیں مگر ڈیم متفقہ طور پر بننے چاہئیں ۔