ماسکو: روس نے سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ ”فیس بک“ کو بند کرنے کی دھمکی دیدی ۔ دھمکی روس کے انٹرنیٹ واچ ڈاگ کی جانب سے مقامی صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے قانون پر عمل نہ کرنے پر دی گئی۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق روسکومنازور ٹیلی کامز واچ ڈاگ کے سربراہ الیگزینڈر زاروف نے ماسکو میں صحافیوں کو بتایا کہ ’اس قانون پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔الیگزینڈر زاروف نے کہا کہ ’ہم فیس بک کو اس قانون پر عملدرآمد کرانے کے لیے کام کریں گے، اور یہ ہر صورت میں 2018 میں ہوجائے گا۔‘روس میں یہ متنازع قانون 2014 میں منظور کیا گیا تھا، جس میں غیر ملکی میسیجنگ سروسز، سرچ انجنز اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کو اس بات کا پابند بنایا گیا تھا کہ وہ روس میں روسی صارفین کا ذاتی ڈیٹا محفوظ کریں گی۔
اس قانون کا مقصد، جس کی ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری کی جانب سے سختی سے مخالفت کی گئی، بظاہر فیس بک اور ٹویٹر جیسی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو صارفین کی معلومات سے متعلق دباو¿ میں لانا تھا۔الیگزینڈر زاروف کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی صورت میں یا تو ہم قانون پر عملدرآمد کرائیں گے یا پھر کمپنی کو روس میں اپنا کام روکنا ہوگا، جیسا کہ بدقسمتی سے لِنکڈ اِن کے ساتھ ہوا اور کوئی اس سے مستثنیٰ نہیں ہوگا۔‘واضح رہے کہ گزشتہ سال روس میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں نے اس قانون پر عملدرآمد نہ کرنے پر پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ سائٹ ’لِنکڈ اِن‘ کو بلاک کردیا تھا۔
واچ ڈاگ نے فیس بک کو دھمکی دیدی
09:38 PM, 26 Sep, 2017