لاہور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے خوراک سکندر حیات بوسن کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری ٹماٹر اور پیاز کا بحران آئندہ چند دنوں میں ختم ہو جائے گا کیونکہ بلوچستان میں ان کی فصلیں تیار ہونے والی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ہندوستان سے سبزیاں درآمد نہیں کرے گی۔
وزیر خوراک نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فیڈرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو ان کی مالی حالت میں بہتری کے لیے پیکجز دیے گئے ہیں اور ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری کے لیے بائیو ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔
واضح رہے کہ لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 300 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کچھ اسی قسم کی ہی صورتحال ہے۔ گذشتہ ہفتے کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں 200 روپے کلو تک پہنچ گئی تھیں مگر سپلائی میں بہتری کی وجہ سے اس کی قیمتیں اب 150 روپے سے 200 روپے کلو تک آ گئی ہیں جبکہ پیاز بھی 60 سے 80 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتیں مرغی کے گوشت کی قیمتوں سے بھی بڑھ گئی ہیں جبکہ حکومت کا قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں ہے جس کی وجہ سے ان میں اضافہ ہورہا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں