نیویارک:ٹیکنالوجی کی دنیا میں روزانہ کی بنیاد پر جدت آ رہی ہے اب گوگل نے معروف کمپنی لیوائز کے اشتراک سے اپنی پہلی اسمارٹ جیکٹ فروخت کے لیے پیش کردی۔اس جیکٹ کو سامنے لانے کا اعلان دو سال قبل کیا گیا تھا جس کا مقصد جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ملبوسات کو متعارف کرانا تھا۔
جبکہ رواں سال کے شروع میں اسے متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اب اسے عام صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔جدید ٹیکنالوجی سے لیس ملبوسات کے اس منصوبے کا پہلا حصہ اس انٹرنیٹ کنکٹڈ جیکٹ کی شکل میں سامنے آیا ہے جسے دی کمیوٹرکا نام دیا گیا ہے۔
اس میں گوگل کی جیک کوارڈ ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے کپڑے کو ہاتھوں سے کنٹرول ہونے والے کینوس میں بدل دیا گیا ہے۔یہ جیکٹ 350 ڈالرز رکھی گئی ہے۔
اس میں بلیو ٹوتھ کف دیئے گئے ہیں جنھیں اسمارٹ فون سے منسلک کرکے مختلف راستوں کے بارے میں جانا جاسکتا ہے، میوزک کی آواز کو کم یا تیز کیا جاسکتا یا کسی فون کال کا بھی جواب دیا جاسکتا ہے۔
یہ سب آپ اپنی انگلیوں کو جیکٹ کے کپڑے پر کسی ٹچ اسکرین فون کی طرح سوائپ کرکے کرسکیں گے۔اس جیکٹ کی بیٹری 2 دن تک چل سکے گی اور بلیوٹوتھ ڈیوائس کو یو ایس بی کے ذریعے آسانی سے چارج کیا جاسکے گا۔