اسلام آباد :پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ پاکستان نے سلامتی کونسل سے اس معاملے میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اور یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملے پہلے سے عدم استحکام کا شکار خطے میں کشیدگی میں اضافہ کر رہے ہیں، اور اس صورتحال کی تمام ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کی کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ علاقائی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے فعال طور پر کام کرے۔