پنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست، سیریز پاکستان کے نام

12:15 PM, 26 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: پاکستان نے انگلینڈ کو پنڈی ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ یہ فیصلہ کن ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں میزبان ٹیم کو 36 رنز کا ہدف دیا گیا، جسے انہوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے 24 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، جہاں زیک کرالی 2، بین ڈکٹ 12 اور اولی پوپ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک نے کچھ مزاحمت کی، لیکن وہ 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان بین سٹوکس بھی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جب کہ جمی سمتھ نے 3 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دیا اور انہیں بھی ساجد خان نے آؤٹ کیا۔ تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے 33 رنز بنائے، مگر نعمان علی نے انہیں بھی چلتا کر دیا۔ گُس ایٹکنسن 97 کے مجموعے پر ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ آخری وکٹیں بھی جلد گر گئیں۔

پاکستان کے سپنرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 267 رنز بنائے تھے، جبکہ پاکستان نے 344 رنز بنا کر اپنی اننگز کا اختتام کیا۔

مزیدخبریں