کراچی : بینک ڈکیتی میں ملوث ڈاکوؤں کا 5 رکنی گروہ گرفتار کرلیاگیاہے اور 80 لاکھ روپے نقد برآمد کرلی گئی۔شہر قائد کے ڈسٹرکٹ سینٹرل کی پولیس نے شادمان ٹاؤن میں بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث ڈاکوؤں کے 5 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے 80 لاکھ روپے نقد برآمد کرلیے۔
ایک روز قبل شادمان ٹاؤن میں قائم نجی بینک میں مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر گارڈ سمیت تمام عملے کو یرغمال بنا کر ڈکیتی کی اور نقدی لے کر فرار ہوگئے تھے۔واردات کے بعد پولیس نے ٹیکنکل بینادوں پر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث 5 ملزمان اسحاق ، صدیق ، عبدالغفار ، منصور اور عمران کو گرفتار کر کے بینک سے لوٹی گئی تمام رقم برآمد کرلی۔
پولیس نے واردات میں استعمال کیے جانی والی 3 پستول ، بینک کے گارڈ سے چھینا گیا 12 بور ریپیٹر اور 30 بور پستول کے علاوہ واردات میں استعمال کی جانے والی 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیں۔دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزمان اسحاق اور غفار نے ایک روز قبل بینک کی ریکی بھی کی تھی جبکہ فوٹیج میں ملزم اسحاق اور منصور بینک کے کاؤنٹر سے رقم جمع کر کے اپنے ہمراہ لائے گئے بیگ ڈالتے ہوئے بھی دکھائی دیئے اور ان دونوں نے غفار کے ہمراہ بینک میں داخل ہوتے ہی گارڈ سے اسلحہ چھینا تھا۔