انگلینڈ کی ناقص کارکردگی،  سری لنکا نے انگلش ٹیم کو  8 وکٹوں سے شکست دیدی

06:56 PM, 26 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

بنگلور:سری لنکا کی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف لنکن بیٹرز نے 26ویں اوور میں حاصل کرکے ٹیم کے رن ریٹ میں بھی قابلِ ذکر اضافہ کردیا۔ بنگلور میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 


انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم یہ پارٹنر شپ 6.3 اوورز تک قائم رہی۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 45 رنز پر گری جس کے بعد وقفے وقفے سے مزید 6 وکٹیں 25.5 اوورز میں 123 رنز پر گر گئیں۔وکٹ کی ایک جانب بین سٹوکس نے ٹیم کو سنبھالا لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری انگلش ٹیم 34ویں اوور میں 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ 


انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جبکہ جونی بیئرسٹو نے 30 اور ڈیوڈ ملان نے 28 رنز کی اننگز کھیلیں۔ علاوہ ازیں معین علی نے 15 اور ڈیوڈ ویلی نے 14 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینجیلو میتھیوس اور کاسن رجیتھا نے دو دو جبکہ مہیش ٹھیکشنا نے ایک وکٹ لی۔ 


ٹارگٹ  کو چیز  کرتے ہوئے سری لنکا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا۔ اس کی پہلی وکٹ 9 کے مجموعے پر گری جب کوشل پریرا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دوسری وکٹ 23 کے سکور پر گری جب کپتان کوشل مینڈس 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دونوں کو ڈیوڈ ویلی نے آؤٹ کیا۔اس کے بعد پاتھم نسانکا اور سدیرا سماراوکراما نے تیسری وکٹ پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنا کو انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

مزیدخبریں