تعلیمی اداروں میں آئس سپلائی کرنے والے10 ملزمان گرفتار

01:10 PM, 26 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے محکمہ ایکسائز کیساتھ مل کر منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں آئس سپلائی کرنے والا گینگ گرفتار کر لیا۔ گینگ میں ایک خاتون سمگلر سمیت 10افراد شامل ہیں۔گرفتار ملزمان سے ساڑھے 13 کلو چرس جبکہ ایک کلو سے زائد آئس برآمد کرلی گئی ۔

 ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والی خاتون سمگلر کو محکمہ ایکسائز نے گرفتار کرکے ایک کلو سے زائد آئس برآمد کرلی جبکہ ملزمہ مہرین وہاب کو سول لائنز پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں میں بھی آئس سپلائی کرتی تھی۔ 

ترجمان نے بتایا کہ دیگر کاروائیوں میں رتہ امرال پولیس نے کاشف، توقیر، سمید، سوار خان اور افضال نامی 5 اسمگلرز کو گرفتار کیا جبکہ تھانہ بنی، صدر واہ، گنجمنڈی اور تھانہ دھمیال پولیس نے ایک ایک ملزم کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر ساڑھے 13 کلو چرس برآمد کرلی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں