وزیراعظم پاکستان شہباز شریف یکم نومبر کو چین کا دورہ کریں گے: چینی وزارت خارجہ

02:19 PM, 26 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف یکم نومبر کو چین کا دورہ کریں گے ، چینی وزارت خارجہ نے تصدیق کردی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کی دعوت پر بیجنگ جار ہے ہیں ۔ وزیراعظم کے اس ہم دورے میں سی پیک منصوبوں پر تیزی لانے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے متوقع ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت توانائی نے کہا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت توانائی کے 11 منصوبے مکمل ہوچکے اور 10 مختلف مراحل میں ہیں ۔

وزارت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سی پیک کے تحت 6,369 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے 11 پاور پراجیکٹس فعال ہو چکے ہیں جبکہ 10 مزید پراجیکٹس ترقی کے مختلف مراحل میں ہیں ۔

سی پیک پاور پراجیکٹس کے انرجی مکس میں کوئلہ 8,220 میگاواٹ ، ہائیڈل 3,428 میگاواٹ ، سولر 1000 میگاواٹ اور ونڈ 400 میگاواٹ کے ساتھ نمایاں ہیں ۔

مزیدخبریں