اسلام آباد: کینیا میں پولیس کی گولیوں کا نشانہ بننے والے سینئر صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد پہنچا دیا گیا ، لواحقین نے لاش کے دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کی میت نجی ایئرلائن کے ذریعے کینیا سے براستہ دوحا اور پھر اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی جہاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میت کو وصول کیا ۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر مقتول ارشد شریف کے اہل خانہ ، تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری ، مراد سعید اور صحافی موجود تھے ۔
ارشد شریف کی نماز جنازہ کل دوپہر 2 فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی ۔
مرحوم کی اہلیہ جویریہ صدیق شوہر کی رحلت سے غم سے چور ، کہتی ہیں ارشد شریف کے لیے آواز اٹھائیں ، مجھے کینیا کے صحافیوں نے بتایا کہ ارشد شریف کا قتل کیا گیا ہے ۔ اگر آج ارشد شریف گیا ہے تو کل میری اور آپ کی باری ہے ۔
ادھر، مرحوم ارشد شریف کے گھر میں تعزیت کرنے والوں کا رش لگا ہوا ہے ، صدر مملکت عارف علوی کی ارشد شریف کی رہائش گاہ آمد ، اہلخانہ سے اظہارِتعزیت کیا ۔
ارشد شریف کے گھر کے باہر شمعیں روشن کرکے سینئر اینکرپرسن ارشد شریف کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ارشد شریف کی گاڑی پر کینیا کے شہر نیروبی کے ہائی وے پر پولیس نے غلط شناخت پر گولیاں برسا دی تھیں ، ایک گولی سر میں لگنے سے ارشد شریف موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے ۔