اسلام آباد:آل پاکستان انجمن تاجران نے مطالبات کی منظوری کے لیے 30 نومبر کو وزیراعظم سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کردیا، دھرنا ختم کرنے کے اعلان کیساتھ مظاہرین پر امن طریقے سے منتشر ہو گئے ۔
آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پر ملک بھر کے تاجروں نے ایف بی آر کے خلاف اسلام آباد ایکسپریس وے پر دھرنا دے کر احتجاج ریکارڈ کرایا،احتجاجی دھرنے میں جڑواں شہروں سمیت ملک بھر کے تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے دھرنے سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر سیلز ٹیکس نہیں دیں گے، صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہیں، پوائنٹ آف سیلز پر ڈیوائس نصب نہیں کریں گے ،حکومت فیٹف کی اصلاحات کو نافذ نہ کرے۔
واضح رہے اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ پر دھرنے سے جڑواں شہروں کی ٹریفک جام رہی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر جڑواں شہروں کی پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔
تاجر برادری نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے گھیراؤ کی دھمکی دیتے ہوئے دھرنا ختم کر دیا ۔