احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقام پر مبنی کارروائیاں انتشار کو جنم دے رہی ہیں، بلاول

09:56 PM, 26 Oct, 2021

لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ عمران خان کی بی ٹیم ہے اور اس کا مقصد اپوزیشن کی آواز کو دبانا ہے۔

انہوں نے یہ بات پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پارٹی چیئرمین سے نوڈیرو ہاؤس میں ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کی نوڈیرو ہاؤس آمد پر انہیں جیل سے رہائی کی مبارکباد بھی دی۔

انہوں نے سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ سے بات چیت کے دوران کہا کہ آپ کی ثابت قدمی اور اصولوں پر قائم رہنا قابل ستائش ہے جبکہ احتساب کی آڑ میں سیاسی انتقام پر مبنی کارروائیاں ملک میں انتشار کو جنم دے رہی ہیں۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات ، ایل پی جی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صرف اشیاء مہنگی کرنے سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش سراسر حماقت ہے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی و معاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور عوام کے معاشی آئینی حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 سے 9 روپے مزید اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ۔ 16 اکتوبر کو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک پہلے ہی اضافے کا ظلم عوام پر ڈھا چکی ہے ۔ بار بار خبردار کر رہا ہوں کہ حکومت کو قومی معاشی خودکشی سے روکنا ہوگا ، ورنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے ۔

مزیدخبریں