تہران: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان اورایران ایک پیج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
دو روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ افغانستان اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان اور ایران مل کر کوششیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن خطے کےمفاد میں ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اس سے قبل جب دو روزہ دورے پر اپنے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے تو پاکستان میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی، ایران میں متعین پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے ان کا خیرمقدم کیا۔