اسلام آباد، فیض آباد انٹر چینج پر تاجروں کا دھرنا، ٹریفک جام

اسلام آباد، فیض آباد انٹر چینج پر تاجروں کا دھرنا، ٹریفک جام
کیپشن: اسلام آباد، فیض آباد انٹر چینج پر تاجروں کا دھرنا، ٹریفک جام
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

اسلام آباد: تاجروں کے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کے باعث مری روڈ راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں فیض آباد کے قریب مری روڈ پر دھرنا دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کی وجہ سے جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہوئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تمام راستوں پہ متعین ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مرکزی علاقے زیرو پوائنٹ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں دکھائی دے رہی ہیں۔

راولپنڈی میں تاجروں کی جانب سے فیض آباد انٹر چینج سے قبل دھرنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے انٹر چینج پر ٹریفک رواں دواں ہے لیکن اس کی رفتار خاصی متاثر ہے۔ انجمن تاجران پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ اور اسلام آبا انتظامیہ کے درمیان اس حوالے سے بات چیت بھی ہو رہی ہے۔

شاہد غفور پراچہ کا کہنا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور اسلام آباد میں داخل نہیں ہوں گے جبکہ ہم نے فیض آباد کی کال دی ہے جس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے بھی تاجروں کی مرکزی قیادت پہنچ رہی ہے۔ شاہد غفور پراچہ نے اس موقع پر کہا کہ تاجربرادری اپنا کاروبا بند کر کے یہاں آئی ہے اور یہ بھی اس کا نقصان ہے مگر احتجاج ہمارا حق ہے۔

ایس پی اسلام آباد نوشیروان کے مطابق پرامن احتجاج تاجروں کا حق ہے لیکن موجودہ صورتحال کے تناظر میں لوگ قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریز کریں اور تاجربرادری ہمارے لیے قابل احترام ہے۔