اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہےجو اپنی ذمہ داریاں اب 20 نومبر سے سنبھالیں گے ۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعنیاتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ،انکی تعیناتی 20 نومبر سے ہوگی ،اُس وقت تک موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ذمہ داریاں جاری رکھیں گے ۔
اعلامیے کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کیلئے وزیراعظم کو تین ناموں پر مشتمل سمری بھیجوائی گئی تھی جن میں سے وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تعیناتی کی منظوری دی۔
وزارت دفاع کی سمری میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ، چیف آف لاجسٹک اسٹاف جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک اور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے نام آئی ایس آئی کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے تجویز کیے گئے تھے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ ملاقات نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔وزیراعظم آفس کو ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے وزرات دفاع نے فہرست ارسال کی۔وزیراعظم عمران خان نے تمام فہرست میں شامل نام امیدواروں کے انٹرویوز لئے جس کے بعد فیصلہ کیا۔
واضح رہے انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعنیاتی وزیراعظم کی صوابدید پر ہوتی ہے لیکن وزیراعظم ملک کی مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کی تعیناتی آرمی چیف کے ساتھ مشاورت سے کرتے ہیں۔ 6 اکتوبر کو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو پشاور کا کور کمانڈر تعینات کرنے کی پریس ریلیز جاری کی گئی تھی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی بنانے کی پریس ریلیز بھی جاری کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے بعد وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا جو 20 دن بعد آج جاری کیا گیا ہے۔