لاہور: ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے مگر بھارتی شائقین کرکٹ شائقین اس کھیل کے بنیادی اصولوں کو بھی نہیں سمجھتے جنہوں نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم میں شامل مسلمان فاسٹ باؤلر محمد شامی کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور سوشل میڈیا پر انہیں غلیظ گالیاں تک دی گئیں۔
سوشل میڈیا پر محمد شامی کے خلاف ٹرینڈ چلتا دیکھ کر بہت سے سابق اور موجودہ کرکٹرز، ماہرین کرکٹ ان کے دفاع کیلئے سامنے آئے اور اب ٹی 20 ورلڈکپ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے محمد رضوان نے بھی ان کے حق میں بیان دے کر پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں۔
محمد رضوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ایک کھلاڑی اپنے ملک اور عوام کیلئے بے شمار دباؤبرداشت کرتا ہے، کوششیں کرتا ہے اور قربانیاں دیتا ہے۔ محمد شامی ناصرف ایک سٹار ہے بلکہ دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہے۔ برائے مہربانی اپنے سٹارز کی عزت کریں۔ کرکٹ کا کھیل لوگوں کو آپس میں ملاتا ہے، ان میں نفرتیں پیدا نہیں کرتا۔‘
The kind of pressure, struggles & sacrifices a player has to go through for his country & his people is immeasurable. @MdShami11 is a star & indeed of the best bowlers in the world
— Mohammad Rizwan (@iMRizwanPak) October 26, 2021
Please respect your stars. This game should bring people together & not divide 'em #Shami #PAKvIND pic.twitter.com/3p70Ia8zxf
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں 24 اکتوبر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دی تھی۔ بھارت کی طرف سے اننگز کا 18 واں اوور محمد شامی نے کروایا تھا جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 17 رنز دئیے اور پاکستان نے میچ جیت لیا۔
بھارتیوں نے میچ کے بعد محمد شامی کو شکست کا قصوروار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مہم شروع کی اور تنقید کا نا رکنے والا سلسلہ شروع ہو گا جس دوران انہیں غلیظ گالیاں تک دی گئیں۔ بھارتیوں کا کہنا ہے کہ محمد شامی بھارت کی طرف سے نہیں بلکہ پاکستان کی طرف سے کھیلے اور بھارت کی شکست میں ان کا ہاتھ ہے کیونکہ اگر وہ اپنا اوور ٹھیک طرح سے کرواتے تو پاکستان میچ ہار جاتا۔