صرف اشیاء مہنگی کرنے سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش سراسر حماقت ہے: شہباز شریف

02:29 PM, 26 Oct, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات ، ایل پی جی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا ، کہا صرف اشیاء مہنگی کرنے سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش سراسر حماقت ہے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی و معاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ عوام کے معاشی آئینی حقوق کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 سے 9 روپے مزید اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ۔ 16 اکتوبر کو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک پہلے ہی اضافے کا ظلم عوام پر ڈھا چکی ہے ۔ بار بار خبردار کر رہا ہوں کہ حکومت کو قومی معاشی خودکشی سے روکنا ہوگا ، ورنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ بار بار منی بجٹ لا کر حکومت نے ثابت کیا ہے کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس ، سنجیدہ اور قابل عمل معاشی پلان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتشار اور معاشی تباہی دونوں مل کر پاکستان کو ناکام ریاست کی منزل کی طرف لیجا رہے ہیں ، ملک کو اس سے بچانا ہوگا ۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے ، آئین اور قانون کے تحت ڈبل ٹیکسیشن جرم ہے لیکن حکومت ڈھٹائی سے قوم کو لوٹ رہی ہے ۔ ٹیکس کا تعلق عوام کی قوت خرید اور قومی ترقی کی شرح سے ہے ، انہوں نے کہا کہ مرتی عوام پر مزید بوجھ ڈالنا صرف ظلم ہے ۔ عوام اس ظلم کے خلاف باہر نکلیں اور حکومت سے ظلم کرنے کا اختیار چھین لیں ۔

مزیدخبریں