امریکا نے کورونا وائرس کے دوران لگائی سفری پابندیاں ختم کردیں

12:29 PM, 26 Oct, 2021

واشنگٹن : امریکا نے کورونا وائرس کے باعث  نافذ عالمی سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکا کے سفر کے لئے ویکسی نیشن لازم قرار دے دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک کے لیے نافذ سفری پابندیاں ختم کی جارہی ہیں تاہم امریکا کے سفر کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے، ویکسین شدہ افراد کو 3 دن پہلے اور غیر ویکسین شدہ افراد کو ایک دن پہلےکووڈ ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ  غیر ملکی اور غیر ویکسین شدہ افراد بعض صورتوں میں امریکا میں داخل نہیں ہوسکیں گے، 18 برس سے کم عمر افراد اس شرط سے مستشنیٰ ہوں گے جب کہ ایسے شہری بھی مستثنیٰ ہیں جن کے ممالک میں ویکسی نیشن دستیاب نہیں ہے ۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق   یہ اقدام ائیر لائن انڈسٹری کی بحالی اورغیر ملکیوں کو سفری سہولیات دینے کیلئے کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ دیگر ممالک کیلئے بنائی گئی سفری کیٹیگریز بھی ختم کی جارہی ہیں جس کے بعد امریکی شہریوں کے علاوہ غیر ملکی افراد بھی امریکا کا سفر کرسکیں گے ۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا نے دنیا کے کئی ملکوں کے لئے سفری پابندیاں عائد کردی تھیں  ۔

مزیدخبریں