صدر عبدالفتاح السیسی کا مصر میں ایمرجنسی مکمل ختم کرنے کا اعلان

12:16 PM, 26 Oct, 2021

قاہرہ: مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کئی سال سے ملک میں جاری ہنگامی حالت ختم کر دی ہے۔ انہوں نے کل سوموار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ کے ذریعے ہنگامی حالت کے خاتمے کا اعلان کیا۔

صدر نے فیس بک پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مصر خطے میں سلامتی اور استحکام کا مرکز بن گیا ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں برسوں میں پہلی بار ہنگامی حالت کی توسیع نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہنگامی حالت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

صدر السیسی نےکہا کہ حقیقی معنوں میں یہ فیصلہ مصری عوام نے کیا ہے۔ جنہوں نے گذشتہ برسوں کے دوران ملک کی تعمیروترقی اور استحکام کے لیے ہونے والی مساعی میں اپنی مخلصانہ شراکت کو یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز، فوج اور پولیس کی قربانیوں کا بھی حوالہ دیا جنہوں نے ملک کو سلامتی اور استحکام کے اس مقام تک پہنچایا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ السیسی نے قومی دفاعی کونسل کے طویل اجلاس کے بعد اپریل 2017 میں طنطا اور اسکندریہ کے دو گرجا گھروں پر حملوں کے بعد ہنگامی حالت نافذ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس وقت کے ملک کی پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے اس فیصلے کی توثیق کی تھی۔

مزیدخبریں