منشیات کیس میں چونکا دینے والا انکشاف، آریان خان کی رہائی کیلئے 25 کروڑ کا مطالبہ  

10:13 AM, 26 Oct, 2021

ممبئی: انڈیا کے انسداد منشیات کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے گواہ نے ہی اس کیس کی ساری پرتیں کھول کر رہھ دی ہیں۔ آریان خان کے ساتھ سیلفی لینے والے باڈی گارڈ کے حلف نامہ سے سنسنی پھیلا دی۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان سے25 کروڑ کا مطالبہ کرکے 18 کروڑ پر معاملہ طے کرنا تھا، 8 کروڑ سمیر وانکھیڈے کو ملنے تھے، تاہم ابھی تک صرف 50 لاکھ ہی وصول ہوئے تھے۔

این سی بی نے اس الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کیس کی الگ طرح سے تفتیش اور کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔

تفصیل کے مطابق منشیات کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے معاملے میں خود نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ایک آزاد گواہ کے حلف نامہ سے سنسنی خیز موڑ آ گیا ہے۔

پربھاکر سیل جو این سی بی کے دوسرے مفرور گواہ کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ اور ڈرائیور بھی ہے، اس نے دعویٰ کیا ہے کہ این سی بی کے اہلکاروں نے اس سے 9 سے 10 کورے کاغذات پر دستخط لئے ہیں۔

اس نے سیم ڈیسوزا نامی شخص سے فون پر گوساوی کی ہونے والی بات چیت کے حوالے سے بتایا ہے کہ آریان خان کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان سے اس کی رہائی کیلئے 25 کروڑ روپے مانگے جانے تھے اور 18 کروڑ پر معاملے کو طے کرنا تھا۔

پربھاکر کے مطابق اس نے گوساوی کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا کہ اس میں سے 8 کروڑ این سی بی ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کو دینے ہیں جس نے آریان کو گرفتار کیا تھا۔

ادھر این سی بی نے فوری طور پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اس ضمن میں کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ گوساوی وہی شخص ہے جو کروز پر این سی پی کی کارروائی کے بعد آرین کا ہاتھ پکڑ اسے این سی بی کے دفتر میں لے جاتا ہوا نظر آیا تھا اور جس نے بعد میں اس کے ساتھ سیلفی کھینچ کر شوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی۔

اسی کے تعلق سے وزیر نواب ملک نے انکشاف کیاتھا کہ وہ بی جے پی کا رکن ہے۔ وہ اپنے تعلق سے ہونے والے انکشافات کے بعد سے لاپتا ہے۔

اس کے ڈارائیور پربھاکر سیل نے شوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ریکارڈنگ اپلوڈ کرکے این سی بی سے اپنی جان کو خطرہ ہونے کی اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

پربھاکر کے اس بیان سے نہ صرف تفتیشی ایجنسی کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے بلکہ شاہ رخ خان اور ان کی سیکریٹری ڈڈلانی پر بھی تفتیشی ایجنسی کا شکنجہ سخت ہو سکتا ہے۔

پربھاکر نے حلف نامہ میں شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ڈڈلانی سے اس ضمن میں 50 لاکھ روپے ملنے کا بھی سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔

اس کے مطابق گوساوی نے سیم ڈیسوزا اور پوجا ڈڈلانی سے مرسیڈیز کار میں بیٹھ کر بات چیت کی تھی اور اس کے بعد مجھے 2 بیگ میں بھرے 50 لاکھ نقد لینے کیلئے بھیجا تھا۔

پربھاکر کے مطابق اس نے وہ رقم گوساوی کو واشی میں اس کے گھر جا کردی جس کے بعد گوساوی نے اسے ایک بیگ ٹرائڈنٹ ہوٹل کے قریب کار میں بیٹھے سیم ڈیسوزا کو پہنچانے کا حکم دیا۔

گواہ پربھاکر کے اس بیان سے جہاں سمیر وانکھیڈے کی کارروائی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، وہیں شاہ رخ کی مصیبتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔

ان کی سیکریٹری پوجا ڈڈلانی اور سیم ڈیسوزا نامی ایجنٹ کے مابین پیسوں کے لین دین کے انکشاف کے بعد بعید نہیں کہ مرکزی ایجنسی بھی اس معاملے میں کود پڑے۔

مزیدخبریں