آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر دفاع کی اہم ملاقات

03:59 PM, 26 Oct, 2020

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر دفاع کی ملاقات، دوران ملاقات باہمی دلچسپی اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوئے ہیں۔

ترک وزیر دفاع نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ترک وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کے حق کی بات کی ہے۔ اب بھی باقی اسلامی ملکوں کی طرح دونوں ملکوں نے فرانس کے صدر کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترک صدر نے اسلام مخالف بیانات اور اقدامات کرنے والے فرانسیسی صدر کو آئینہ دکھایا تو وہ برداشت نہ کرسکے، ترک صدر کے مذمتی بیان کے بعد فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔

ترک صدر ایردوآن نے اپنے ایک حالیہ خطاب میں یورپ میں اسلام مخالف اقدامات پر شدید تنقید کی، انہوں نے فرانسیسی صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ آزادی مذہب کو نہیں سمجھ رہے اور انہیں دماغی علاج کی ضرورت ہے۔ فلسطین میں بھی فرانس کی مسلم دشمنی کیخلاف احتجاج شروع ہو گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اسلاموفوبیا کو ہوا دینے پر فرانسیسی صدر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ فرانس میں ہونے والے اسلام مخالف اقدامات پر وزیراعظم عمران خان نے نیلسن منڈیلا کی مثال دیتے ہوئے لکھا کہ ایک عظیم لیڈر کی نشانی لوگوں کو متحد کرنا ہے ، نہ کے منقسم کرنا۔

واضح رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی حکومت کے اسلام مخالف رویئے پر مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کی بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں